مریدکے میں ٹی ایل پی لانگ مارچ پر پولیس آپریشن مکمل، ایس ایچ او شہزاد جھومڑ فائرنگ سے شہید

news-banner

پاکستان - 13 اکتوبر 2025

مریدکے میں پولیس نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے لانگ مارچ کے خلاف آپریشن مکمل کر لیا ہے، جس دوران مظاہرین کی فائرنگ سے ایس ایچ او فیکٹری ایریا، شہزاد جھومڑ شہید ہوگئے۔

 

سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے کرین پارٹی کے کارکنان کو منتشر کر دیا اور جی ٹی روڈ کو مکمل طور پر خالی کرا لیا۔ حکام کے مطابق، سیکیورٹی اداروں نے پورے جی ٹی روڈ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جبکہ متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

 

آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث متاثرہ اور زخمی افراد کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مقامی آبادی کو بھی حفاظتی اقدامات کے تحت جی ٹی روڈ کی طرف جانے سے روک دیا گیا ہے۔ پولیس نے شہداء کی لاشوں اور زخمی اہلکاروں کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

 

دوسری جانب، تین روزہ تعطیلات کے بعد راولپنڈی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں، جہاں تدریسی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ اسکولوں میں طلبہ کی حاضری اطمینان بخش جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

 

ایجوکیشن بورڈ کے میٹرک ضمنی امتحانات بھی آج معمول کے مطابق ہو رہے ہیں۔


شہر کی تمام اہم شاہراہوں پر ٹریفک روانی بحال ہے۔ فیض آباد کی بندش کے باعث ٹریفک کو متبادل راستے ڈبل روڈ کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ مری روڈ، مال روڈ اور پشاور روڈ پر بھی ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے۔

 

ٹریفک پولیس کے مطابق، راولپنڈی کے داخلی و خارجی راستے کھلے ہیں اور تمام تحصیلوں میں ٹریفک کی صورتحال معمول پر ہے۔