تازہ ترین - 14 اکتوبر 2025
عظمیٰ بخاری کا کے پی وزیرِ اعلیٰ پر طنز: "پرچی نہیں، فرشی وزیرِ اعلیٰ ہیں"

پاکستان - 13 اکتوبر 2025
پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیرِ اعلیٰ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اسمبلی کے ایوان میں بڑی بڑھکیں لگائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کہتے ہیں وہ پرچی کے ذریعے وزیرِ اعلیٰ نہیں بنے، دراصل وہ “پرچی نہیں بلکہ فرشی وزیرِ اعلیٰ” ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں وزارتِ اعلیٰ دو خواتین کی لڑائی کا نتیجہ بن چکی ہے، جس پر انہیں صوبے کے عوام، خاص طور پر بچوں کی قسمت پر افسوس ہے۔ ان کے مطابق کے پی میں وزیرِ اعلیٰ کا انتخاب غیر قانونی طور پر کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں "اپنی چھت اپنا گھر" منصوبہ جاری ہے، جبکہ دیہی علاقوں کے لیے لائیو اسٹاک کارڈ پروگرام پر بھی عمل درآمد ہو رہا ہے۔
سعودی وفد نے پنجاب میں لائیو اسٹاک سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے، اور آسان اقساط پر قرضوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
وزیرِ اطلاعات نے بتایا کہ اسکول جانے والے بچوں کے لیے نیوٹریشن پروگرام جاری ہے، جس سے اب تک 10 لاکھ بچے مستفید ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل کو جلد مکمل کرے گی۔ لوگوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
صوبے میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے یا سڑکیں بند کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔