پاکستان - 14 اکتوبر 2025
شرم الشیخ میں صدر ٹرمپ کا فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین، شہباز شریف کو مردِ امن قرار دیا

دنیا - 14 اکتوبر 2025
بحیرہ احمر کے ساحلی مقام شرم الشیخ میں مشرقِ وسطیٰ امن معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا نام احترام کے ساتھ یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی مسلح افواج کی حکمتِ عملی اور قیادت کے معترف ہیں۔
تقریب میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، برطانوی وزیراعظم سِر اسٹیمر، فرانسیسی صدر ایمنوئل میکرون، ترک صدر رجب طیب اردوان، قطری امیر تمیم بن حمد الثانی، اور دیگر عالمی رہنما بھی موجود تھے۔
صدر ٹرمپ نے اپنی تقریر سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کو اظہارِ خیال کی دعوت دی، جنہوں نے فی البدیہہ خطاب میں امریکی صدر کو "مردِ امن" قرار دیا اور کہا کہ ان کی قیادت نے نہ صرف پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکا بلکہ کئی دیگر تنازعات کے خاتمے میں بھی کردار ادا کیا۔
صدر ٹرمپ وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب سے واضح طور پر متاثر ہوئے اور کہا کہ "وزیراعظم نے تو سب کچھ کہہ دیا ہے"۔ انہوں نے پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے لیے نیک خواہشات بھی بھیجیں۔
ذرائع کے مطابق، ٹرمپ کے اس بیان نے پاکستان کے دشمنوں خصوصاً بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو سخت پریشانی میں مبتلا کر دیا، جنہوں نے حال ہی میں ایک عوامی جلسے میں پاکستان کے خلاف سخت لہجے میں بات کی تھی۔