وزیراعظم شہباز شریف کی شرم الشیخ میں صدر ٹرمپ سمیت عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں، فلسطین سے اظہارِ یکجہتی

news-banner

دنیا - 14 اکتوبر 2025

مصر کے سیاحتی شہر شرم الشیخ میں منعقدہ بین الاقوامی امن کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شامل تھے۔

 

وزیراعظم کی امریکی صدر سے مختصر مگر خوشگوار ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور دوطرفہ و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

 

شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علییف، آرمینیا کے وزیراعظم نیکول پاشینیان، اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم، بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

 

علاوہ ازیں وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، انڈونیشیا کے صدر پربووو سوبیانتو، جرمن چانسلر فریڈرک مرز، اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز اور اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی سے بھی بات چیت کی۔

 

ملاقاتوں میں مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام، علاقائی تعاون، اور انسانی بنیادوں پر امدادی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے فلسطینی عوام سے پاکستان کی اخلاقی، سفارتی اور انسانی حمایت کے تسلسل کا اعادہ کیا۔

 

شرم الشیخ میں وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین کے صدر محمود عباس سے بھی خصوصی ملاقات کی، جس میں بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ بھی شریک تھے۔

 

 صدر محمود عباس نے فلسطینی عوام کی سیاسی و سفارتی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر اطمینان کا اظہار کیا اور اہلِ غزہ کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

 

وزیراعظم کے مصر پہنچنے پر مصر کے وزیر ڈاکٹر اشرف صبحیی نے ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔