لوئر دیر کی تاریخ میں پہلی بار خصوصی افراد کا ایف سی ہیڈکوارٹر تیمرگرہ کا دورہ

عطاء الرحمان کوہستانی

news-banner

پاکستان - 27 جون 2025

لوئر دیر کی تاریخ میں پہلی بار خصوصی بچوں اور بچیوں کو فرنٹیئر کور نارتھ کے تعاون سے دیر اسکاؤٹس نے ایف سی ہیڈکوارٹر تیمرگرہ کا دورہ کرایا۔ اس دورے میں 30 خصوصی طلباء و طالبات شامل تھے، جنہیں دیر اسکاؤٹس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

 

خصوصی طلباء و طالبات نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور وطن کی خاطر قربانیاں دینے والوں کے لیے دعا کی۔ بعدازاں طلباء و طالبات کو ایف سی کی جانب سے مختلف اقسام کے اسلحے اور دفاعی سازوسامان کے بارے میں تفصیلی معلومات دی گئیں، جس میں بچوں نے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

 

طلباء و طالبات کا کہنا تھا کہ وہ اس تاریخی موقع پر نہایت خوش ہیں اور خود کو باعزت شہری محسوس کر رہے ہیں۔


"ہم دیر اسکاؤٹس اور برگیڈیئر ثناء اللہ صاحب کے بہت شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں آج اتنی عزت دی اور یہ یادگار لمحہ عطا کیا۔

 

اس موقع پر کمانڈنٹ دیر اسکاؤٹس برگیڈیئر ثناء اللہ ملک نے خصوصی بچوں سے ملاقات کی اور ان میں تحائف تقسیم کیے۔ خصوصی بچوں نے برگیڈیئر صاحب کو ہار پہنائے اور شکریہ ادا کیا۔

 

ایف سی ہیڈکوارٹر تیمرگرہ کے احاطے میں “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے، اور یہ پورا منظر حب الوطنی کے جذبات سے بھرپور تھا۔