مینارِ پاکستان اجتماع کی مشروط اجازت؛ پنجاب حکومت نے دفعہ 144 میں نرمی دے دی

news-banner

پاکستان - 20 نومبر 2025

محکمہ داخلہ پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر مینارِ پاکستان میں جماعت اسلامی کے دینی، دعوتی اور اصلاحی اجتماع کی اجازت دے دی ہے۔

 

جماعت اسلامی نے 21 سے 23 نومبر تک اجتماع کے لیے این او سی کی درخواست جمع کرائی تھی، جس پر ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی نے دفعہ 144 میں مخصوص نرمی کی سفارش کی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کی تجویز پر اس پابندی میں محدود اور مشروط نرمی کرتے ہوئے اجازت نامہ جاری کردیا گیا۔

 

اجتماع کی منظوری سخت شرائط کے ساتھ مشروط ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ منتظمین کو تمام قواعد و ضوابط پر مکمل عمل درآمد کرنا ہوگا۔ سکیورٹی، خواتین و مرد حضرات کے لیے الگ انکلوژرز، ہنگامی راستے، مناسب پارکنگ اور رضاکاروں کی فراہمی انتظامیہ کی ذمہ داری ہوگی۔ 

 

اسپیشل برانچ کے حفاظتی معیار کے مطابق انتظامات یقینی بنانا لازمی ہوگا۔

 

اجتماع کے دوران ساؤنڈ سسٹم صرف گراؤنڈ کے اندر اور کم والیوم پر استعمال ہوگا۔ کم عمر بچوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔ دکانداروں کو زبردستی کاروبار بند کرانے کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ ہی کسی قسم کا جلوس یا ریلی نکالی جائے گی۔

 

 آئینی اداروں، افواج اور عدلیہ کے خلاف تقاریر ممنوع ہوں گی جبکہ اسلحہ، لاٹھی یا اشتعال انگیز گفتگو پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔

 

شہر میں وال چاکنگ اور موبائل وین کے ذریعے اعلان کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اجتماع کے دوران مکمل امن، نظم و ضبط اور قانون کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے۔ 

 

کسی بھی ناگہانی واقعے کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر ہوگی، جبکہ پولیس شرکاء اور عام شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنائے گی۔