دبئی ایئر شو میں جے ایف-17 تھنڈر کی دھوم، دوست ملک سے خریداری معاہدہ

news-banner

دنیا - 21 نومبر 2025

دبئی ایئر شو 2025 میں پاکستان کے جے ایف-17 تھنڈر نے نمایاں دلچسپی حاصل کرلی، جبکہ ایک دوست ملک کے ساتھ اس کی خریداری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ایئر شو کے دوران مختلف دوست ممالک کی فضائی افواج کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں جدید تربیت، ایروسپیس ٹیکنالوجی میں اشتراک اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

 

ایئر چیف نے یو اے ای کے انڈر سیکریٹری آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل پائلٹ ابراہیم ناصر العلاوی اور کمانڈر یو اے ای ایئر فورس میجر جنرل راشد محمد الشمسی سے بھی تفصیلی گفتگو کی، جس میں دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع پر بات چیت ہوئی۔

 

پاکستان ایئر فورس کا دستہ جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری اور سپر مشاق طیاروں کے ساتھ دبئی پہنچ چکا ہے۔ جے ایف-17 بلاک تھری ایئر شو میں خاص مرکزِ نگاہ رہا، جہاں دفاعی ماہرین اور شائقین نے اس کی جدید صلاحیتوں کو بھرپور سراہا۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق کئی ممالک نے جے ایف-17 کی ممکنہ خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جبکہ ایک دوست ملک کے ساتھ رسمی طور پر MoU پر دستخط پاکستان کی بڑھتی ہوئی دفاعی شراکت داریوں کا اہم سنگ میل ہے۔