پی ٹی آئی دوبارہ متحرک: ’ریلیز عمران خان‘ تحریک کا آغاز، خیبر پختونخوا میں سرگرمیوں میں تیزی

news-banner

پاکستان - 21 نومبر 2025

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی تبدیلی کے بعد پاکستان تحریک انصاف دوبارہ فعال ہونے لگی ہے اور پارٹی نے باضابطہ طور پر ’ریلیز عمران خان‘ تحریک شروع کر دی ہے، جس کا مقصد کارکنان کو دوبارہ متحرک کرنا اور ناراض ورکرز کو واپس ساتھ ملانا ہے۔


عمران خان کے کزن اور چیف سیکیورٹی آفیسر احمد نیازی اس مہم کی قیادت کر رہے ہیں، جنہوں نے اپر اور لوئر چترال میں جلسوں سے تحریک کا آغاز کیا۔ احمد نیازی کے مطابق یہ تحریک عمران خان کی رہائی تک جاری رہے گی۔ شدید سردی کے باوجود چترال میں ہونے والے جلسے کامیاب رہے اور ورکرز نے پرجوش شرکت کی۔

 

پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے دور میں اندرونی اختلافات اور کمزور رابطوں کے باعث ورکرز ناراض تھے جس کا اثر جلسوں پر پڑا، تاہم سہیل آفریدی کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد ضلعی سطح پر میٹنگز اور جلسوں کے ذریعے کارکنان کو دوبارہ سرگرم کیا جا رہا ہے۔

 

سہیل آفریدی حلف اٹھانے کے بعد مسلسل مختلف اضلاع میں جلسے کر رہے ہیں اور صوبائی صدر جنید اکبر بھی پہلے سے زیادہ فعال ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق نئے وزیراعلیٰ کی متحرک سیاست نے پارٹی کو دوبارہ منظم کیا ہے۔

 

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عمران خان کی رہائی کے لیے ممکنہ لانگ مارچ یا ملک گیر احتجاج کی تیاریاں بھی کی جا رہی ہیں۔ سہیل آفریدی احتجاجی سیاست کے حامی ہیں اور پارٹی ورکرز کو فعال کرنے کی مہم ان کی ہدایت پر جاری ہے۔


پارٹی کے مطابق کسی بھی بڑے شو کی کامیابی کا دارومدار خیبر پختونخوا پر ہے، اسی لیے صوبے میں بھرپور تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

 

 احمد نیازی مختلف اضلاع میں احتجاجی جلسے کریں گے، جبکہ وزیراعلیٰ آفریدی ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے ساتھ سیاسی جلسوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے تاکہ عمران خان کے ممکنہ احتجاجی اعلان کے لیے پہلے سے طاقت دکھائی جا سکے۔