27ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستیں، لاہور ہائیکورٹ نے فل بنچ تشکیل دے دیا

news-banner

پاکستان - 21 نومبر 2025

لاہور ہائیکورٹ نے 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف دائر درخواستوں پر اہم پیش رفت کرتے ہوئے تین رکنی فل بنچ قائم کر دیا ہے۔ جسٹس چوہدری محمد اقبال نے کیس کی ابتدائی سماعت کے بعد معاملہ فل بنچ کو بھجوانے کا حکم دیا۔

 

درخواستیں ایڈووکیٹ محمد شاہد رانا اور حسن لطیف چوہدری کی جانب سے دائر کی گئی تھیں جن میں وزیراعظم، اسپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزارت قانون کو فریق بنایا گیا ہے۔

 

درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ترمیم کے ذریعے دیا گیا استثنیٰ آئین کے آرٹیکل 248 سے متصادم ہے، جبکہ وفاقی آئینی عدالت کا قیام سپریم کورٹ کے آئینی کردار کو متاثر کرتا ہے۔ 

 

ان کے مطابق ترامیم کے نتیجے میں عدالت عظمیٰ کے اختیارات کم کیے جا رہے ہیں جس سے عدلیہ کی آزادی کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔ مزید کہا گیا کہ صوبوں کی مشاورت کے بغیر ترمیم منظور کرنا آئینی ڈھانچے پر منفی اثر ڈالتا ہے۔

 

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مقدمات کو نئی آئینی عدالت میں منتقل کرنے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے اور 27ویں آئینی ترمیم کو غیر آئینی قرار دے کر مسترد کیا جائے۔