اداکار حسن احمد نے 35 روزہ اغوا کا دردناک واقعہ بیان کر دیا

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 21 نومبر 2025

پاکستانی اداکار حسن احمد نے اپنی زندگی کے سب سے خوفناک اور تکلیف دہ واقعے یعنی 35 روزہ اغوا کی پوری داستان سامنے رکھ دی۔

 

دنیا نیوز کے پروگرام "مذاق رات" میں گفتگو کرتے ہوئے حسن احمد نے بتایا کہ وہ ایک رات شوٹنگ سے واپس آتے ہوئے اے ٹی ایم پر رکے تھے کہ 5 سے 6 مسلح افراد نے انہیں زبردستی ان کی گاڑی میں بٹھایا اور ڈیفنس کے ایک ویران پلاٹ پر لے گئے۔

 

 وہاں ان لوگوں نے گاڑی سے سامان نکالا اور پھر انہیں دوسری گاڑی میں منتقل کیا۔ اغواکار انہیں گاڑی کے فرش پر لٹا کر کپڑا ڈال دیتے اور سب ان پر بیٹھ جاتے تھے۔

 

انہوں نے بتایا کہ ایک خفیہ مقام پر انہیں زنجیروں سے باندھ دیا گیا۔ صرف کھانا کھانے یا واش روم جانے کے وقت زنجیریں کھولی جاتی تھیں۔ یہ اذیت ناک قید 35 دن تک جاری رہی، جس کے بعد تاوان طے پایا۔

 

حسن احمد کے مطابق سی پی ایل سی نے تاوان کی نشاندہی پر کارروائی کی، جس دوران ایک اغواکار کا ساتھی پکڑا گیا جبکہ باقی فرار ہوگئے۔ البتہ کارروائی کے وقت وہ خود وہاں موجود نہیں تھے۔

 

اداکار نے بتایا کہ اگلی صبح ایک نقاب پوش شخص نے آ کر کہا کہ وہ اغوا میں شامل نہیں، صرف اس کی گاڑی استعمال ہوئی تھی، اور وہ انہیں چھوڑ رہا ہے۔ یوں 35 دن بعد انہیں آزادی نصیب ہوئی۔

 

حسن احمد نے کہا کہ رہائی کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہے، گھر پہنچتے ہی رونے لگے اور گھر والوں سے بار بار معافی مانگتے رہے۔ آج تک نہیں جانتے کہ اغوا میں ملوث لوگ گرفتار ہوئے یا نہیں۔

ان کی اہلیہ سنیتا مارشل پہلے بھی اس واقعے پر بات کر چکی ہیں۔