ٹائپ 2 ذیابیطس سے سماعت متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ گیا، ماہرین کی نئی تحقیق میں انکشاف

news-banner

تازہ ترین - 21 نومبر 2025

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں میں سماعت کمزور ہونے کے امکانات عام افراد کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوتے ہیں، اسی لیے اسے ذیابیطس کی پیچیدگیوں کی فہرست میں شامل کیا جانا چاہیے۔

 

تحقیقات کے مطابق جن افراد کو ٹائپ 2 ذیابیطس ہے، انہیں سماعت کے نقصان کا زیادہ سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

 

 ماہرین کا کہنا ہے کہ بے قابو بلڈ شوگر کان کے اعصاب اور باریک خون کی نالیوں کو متاثر کرتی ہے، جس کے نتیجے میں سماعت خراب ہو سکتی ہے۔

 

یہ نتائج 17 مختلف مطالعات کے جائزے کے بعد سامنے آئے، جن میں مجموعی طور پر 8 ہزار افراد شامل تھے۔

 

 تحقیق میں بتایا گیا کہ ٹائپ 2 ذیابیطس کے تقریباً 40 سے 72 فیصد مریض کسی نہ کسی حد تک سماعت کی کمزوری کا سامنا کرتے ہیں۔

 

مزید یہ کہ جن مریضوں میں درمیانی یا شدید نوعیت کی سماعت کا نقصان پایا گیا، ان میں HbA1c کی سطح بھی زیادہ تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خون میں شکر کنٹرول نہ ہونے سے سماعت کے مسائل مزید بڑھ جاتے ہیں۔

 

ماہرین نے تجویز دی ہے کہ ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں کی معمول کی چیک اپ میں سماعت کا ٹیسٹ بھی شامل کیا جائے تاکہ بروقت تشخیص اور علاج کیا جا سکے۔