گردن کی انجری نے شبمان گل کو دوسرے ٹیسٹ سے باہر کر دیا ‘ رشبھ پنت ٹیم کی قیادت کریں گے

news-banner

کھیل - 21 نومبر 2025

بھارتی کرکٹ ٹیم کو بڑا جھٹکا لگ گیا ہے، کپتان شبمان گل گردن کی انجری کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف ہفتے سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ اس اہم مقابلے میں ٹیم کی قیادت وکٹ کیپر اور نائب کپتان رشبھ پنت سنبھالیں گے۔ میچ گوہاٹی میں کھیلا جائے گا۔

 

پنت نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ شبمان گل کی طبی حالت پہلے سے بہتر ہے مگر ڈاکٹرز نے انہیں کھیلنے کی اجازت نہیں دی۔ ان کے مطابق:“وہ کھیلنے کے لیے بہت پُرعزم تھے لیکن جسم نے اجازت نہیں دی، یہ اُن کی ٹیم کے لیے لگن کا واضح ثبوت ہے۔”

 

گردن کے اسپازمز نے شبمان گل کو باہر کردیا

پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں گل کو اچانک شدید گردن کے اسپازمز کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد وہ پورے میچ سے باہر ہو گئے اور انہیں رات اسپتال میں گزارنی پڑی۔


اگرچہ وہ ٹیم کے ساتھ گوہاٹی پہنچ چکے تھے لیکن میڈیکل پینل نے مزید بگڑتی حالت کے خدشے کے تحت انہیں دوسرے میچ سے ڈراپ کر دیا۔

 

سائی سدرشن کی شمولیت کا امکان

گل کی جگہ ٹاپ آرڈر بیٹر سائی سدرشن کے شامل ہونے کا امکان ہے، جس کا باضابطہ اعلان ٹاس کے وقت کیا جائے گا۔

 

بھارتی ٹیم دباؤ میں

پہلے ٹیسٹ میں بھارت 124 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں صرف 93 رنز پر آؤٹ ہو کر شکست سے دوچار ہوا تھا۔


یہ بھارت کی گزشتہ 6 ہوم ٹیسٹ میچز میں چوتھی شکست تھی۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے بھارت میں تاریخی 3-0 وائٹ واش بھی کیا تھا۔

 

پچ کی تنقید اور گوہاٹی سے امیدیں

کولکتہ کی پچ پر ٹرن اور غیر متوازن باؤنس کی وجہ سے شدید تنقید ہوئی، تاہم پنت کا کہنا ہے کہ گوہاٹی کی وکٹ بہتر کھیلے گی، بیٹنگ کے لیے سازگار ہوگی اور بعد کے دنوں میں ٹرن متوقع ہے۔

 

جنوبی افریقہ کا تاریخی موقع

جنوبی افریقہ کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے اور وہ 2000 کے بعد پہلی بار بھارت میں ٹیسٹ سیریز جیتنے کی کوشش کر رہا ہے۔