تھییاگو سلوا نے کلب ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 میں انٹر میلان کے خلاف فلومینینسے کی تاریخی فتح کا جشن منایا

دنیا - 01 جولائی 2025
فلومینینسے کے کپتان تھییاگو سلوا کے لیے پیر کا دن خاص خوشی کا باعث بنا، جب ان کی ٹیم نے کلب ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں انٹر میلان کو حیران کن طور پر 0-2 سے شکست دے دی۔
40 سالہ تجربہ کار ڈیفینڈر، جو گزشتہ سال اپنے آبائی کلب فلومینینسے واپس آئے تھے، نے اس فتح کو اس لیے بھی مزید خاص قرار دیا کیونکہ اس میں ان کی موجودہ ٹیم نے انٹر میلان کو باہر کیا، جو ان کے سابق کلب اے سی میلان کے روایتی حریف ہیں۔
سلوا، جنہوں نے 2009 سے 2012 تک اے سی میلان کے ساتھ تین سیزن گزارے اور اس دوران ایک سیری اے ٹائٹل اور اطالوی سپر کپ جیتا، میچ کے بعد DAZN سے گفتگو کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔ انہوں نے کہا:
"میں یہاں بیٹھا سوچ رہا تھا، میلان کے بارے میں۔ مجھے یقین ہے کہ میلان کے مداح ہماری جیت اور انٹر کی ہار سے ضرور خوش ہوں گے۔"
اگرچہ تھییاگو سلوا نے اپنے کیریئر کے دوران پی ایس جی اور چیلسی جیسے بڑے یورپی کلبوں کی نمائندگی کی، لیکن انہوں نے فلومینینسے کی اس شاندار کارکردگی پر بھرپور فخر کا اظہار کیا، خاص طور پر اس لیے کہ انٹر میلان حال ہی میں چیمپئنز لیگ کے فائنل تک پہنچا تھا۔
انہوں نے کہا:"یہ ہمارے لیے ایک انتہائی اہم فتح ہے۔ ہمیں معلوم تھا کہ یہ ایک آسان میچ نہیں ہوگا۔ انٹر میلان نے ایک مہینے سے بھی کم عرصہ پہلے چیمپئنز لیگ کا فائنل کھیلا ہے۔"
سلوا نے اپنی ٹیم کی یکجہتی اور دفاعی مہارت کو سراہتے ہوئے کہا:"آج ہم نے ایک شاندار میچ کھیلا۔ ہمیں اسی طرح جیتنا تھا، اور اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا۔ ہم ہر لمحے متحد رہے، خاص طور پر دفاع میں ہم نے بہترین کھیل پیش کیا۔""انہوں نے بھی ہمیں سخت مقابلہ دیا، شاید ہم نے دفاع میں کہیں کچھ کمزوری دکھائی، لیکن اتنے بڑے حریف کے خلاف ایسا ہونا قابل فہم ہے۔"
فلومینینسے کی اس کامیابی کے بعد وہ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہے، جہاں وہ جمعہ کو مانچسٹر سٹی اور الہلال کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم کا سامنا کرے گی۔
اس تاریخی جیت نے ثابت کر دیا ہے کہ فلومینینسے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہے، اور اس کامیاب مہم میں تھییاگو سلوا کی قیادت کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔