عمران خان نے کہا، بات صرف طاقت والوں سے ہوگی‘علیمہ خان‘ نورین نیازی

news-banner

پاکستان - 01 جولائی 2025

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان اور رہنما نورین نیازی نے اہم بیانات دیے۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ وہ صرف اُن سے بات کریں گے جن کے پاس اصل اختیار ہے، 17 نشستوں والی حکومت سے بات کا کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دو کلومیٹر پیدل چلایا جاتا ہے، جس سے لگتا ہے کہ شاید مریم نواز خوش ہوتی ہوں، لیکن بات اُن سے ہونی چاہیے جن کے پاس فیصلہ سازی کا اختیار ہو۔

 

علیمہ خان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں، اور نہ ہی یہ اپنی پوزیشن پر شرمندہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو اس حکومت پر کوئی اعتماد نہیں ہے۔

 

دوسری جانب نورین نیازی کا کہنا تھا کہ امریکا نے بھی اُنہی سے بات کی ہے جن کے پاس اصل طاقت ہے، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ فیصلہ کن طاقت کہاں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو تنہا کر کے یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ عوام کے دلوں سے بھی انہیں نکال دیں گے، لیکن ایسا ممکن نہیں۔

 

نورین نیازی نے گنڈاپور پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا تھا کہ سارے ایم پی ایز کو لے کر آئیں گے، پہلے پیر اور پھر منگل کی بات کی، لیکن ابھی تک وہ آئے نہیں۔ انہوں نے سوات واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کے ساتھ 30 گھنٹوں تک پھنسے رہیں اور بعد ازاں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔

 

آخر میں نورین نیازی کا کہنا تھا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کو مائنس کرنے کی سازش کر رہی ہے، لیکن ان کے خلاف بڑھتا ہوا خوف ظاہر کر رہا ہے کہ ان سے نجات ممکن نہیں۔ ٹرائلز اور ملاقاتوں پر پابندی اسی خوف کی علامت ہے۔ انہوں نے عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، "جو وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں، وہ اب گھر جائیں"۔