قازقستان میں عوامی مقامات پر نقاب پر پابندی، صدر نے قانون پر دستخط کر دیے

دنیا - 02 جولائی 2025
قازقستان نے عوامی مقامات پر چہرہ چھپانے والے لباس، خصوصاً نقاب پر پابندی عائد کر دی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق صدر قاسم جومارت توقایف نے 30 جون کو اس نئے قانون پر دستخط کیے، جس کے بعد یہ پابندی باضابطہ طور پر نافذ ہو گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس قانون کا مقصد ایسے لباس کی روک تھام ہے جو کسی فرد کی شناخت میں رکاوٹ بنتا ہو۔ البتہ طبی ضروریات، شدید موسمی حالات، کھیلوں یا ثقافتی تقریبات کے دوران استعمال ہونے والے لباس کو اس پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
یہ اقدام وسطی ایشیا میں اسلامی لباس پر بڑھتی ہوئی پابندیوں کے سلسلے کی ایک تازہ کڑی ہے، جہاں کئی ریاستیں سیکیورٹی اور شناخت کے حوالے سے ایسے قوانین نافذ کر رہی ہیں۔ قازقستان میں اس قانون کے نفاذ کو ریاستی سطح پر مذہبی علامات کے اظہار کو محدود کرنے کی ایک کوشش کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔