وفاقی بجٹ کے نفاذ کے ساتھ ہی درآمدی اشیاء پر 100 ارب روپے سے زائد کے نئے ٹیکس عائد

پاکستان - 02 جولائی 2025
وفاقی حکومت نے بجٹ 2025-26 کے فوری نفاذ کے بعد درآمدی اشیاء پر بھاری ٹیکسز کا نفاذ کرتے ہوئے 100 ارب روپے سے زائد کی ریونیو وصولی کا نیا ہدف مقرر کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اس سلسلے میں تمام متعلقہ ایس آر اوز جاری کر دیے ہیں۔
جاری کردہ ایس آر اوز کے مطابق لنڈے کے کپڑوں اور پرانے جوتوں کی درآمد پر 10 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔ اسی طرح غیر ملکی فلموں اور ڈراموں کی درآمد پر 3 ہزار روپے فی منٹ کے حساب سے ڈیوٹی نافذ کی گئی ہے۔
آرٹیفیشل جیولری پر 32 فیصد، جبکہ کاسمیٹکس، پرفیومز، آفٹر شیو، پری شیونگ مصنوعات سمیت دیگر ذاتی استعمال کی اشیاء پر 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ موٹر سائیکل رکشوں کی درآمد پر بھی 10 فیصد ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔
پان کے پتوں کی درآمد پر 400 روپے فی کلو اور اسٹیمڈ تمباکو پر 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جب کہ سگریٹس اور تمباکو سے متعلقہ دیگر مصنوعات پر بھی سخت اقدامات متوقع ہیں۔
یہ فیصلہ مالی خسارے پر قابو پانے اور مقامی صنعتوں کو تحفظ دینے کے لیے کیا گیا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق اس سے مہنگائی میں مزید اضافہ اور عام صارف پر بوجھ بڑھنے کا خدشہ ہے۔