پاکستان انڈر 16 والی بال ٹیم ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے تیار

news-banner

پاکستان - 02 جولائی 2025

پاکستان کی انڈر 16 والی بال ٹیم رواں ماہ تھائی لینڈ میں ہونے والی ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی۔ یہ ایونٹ 12 سے 19 جولائی تک تھائی لینڈ کے شہروں ناکھون پاتھم اور رچابوری میں منعقد ہوگا، جس میں مجموعی طور پر 16 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

 

ٹورنامنٹ کی چار سیمی فائنلسٹ ٹیمیں اگلے سال ہونے والے انڈر 17 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی، جس کے باعث یہ چیمپئن شپ انتہائی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔

 

پاکستان کو پول ڈی میں چائنیز تائپے، جنوبی کوریا اور سعودی عرب کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ گرین شرٹس اپنا پہلا میچ 12 جولائی کو جنوبی کوریا کے خلاف کھیلیں گے، 13 جولائی کو سعودی عرب سے ٹکرائیں گے، جبکہ گروپ مرحلے کا آخری میچ 14 جولائی کو چائنیز تائپے کے خلاف ہوگا۔

 

واضح رہے کہ پاکستان نے 2023 میں ازبکستان میں ہونے والے اسی ایونٹ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی، اور اب ٹیم کی نظریں بہتر کارکردگی اور ورلڈ کپ میں رسائی پر مرکوز ہیں۔