حکومت مالی سال 2024-25 کے تجارتی اہداف حاصل کرنے میں ناکام

news-banner

پاکستان - 02 جولائی 2025

وفاقی حکومت گزشتہ مالی سال 2024-25 کے اہم تجارتی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حکومت برآمدات، درآمدات اور تجارتی خسارے کے لیے مقرر کردہ سالانہ اہداف حاصل نہیں کر سکی۔

 

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024-25 کے دوران ملک کی مجموعی برآمدات کا حجم 32 ارب 10 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہا، جو کہ مقرر کردہ ہدف 32 ارب 34 کروڑ 10 لاکھ ڈالر سے کم ہے۔ اگرچہ برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 4.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم یہ ہدف سے پیچھے رہیں۔

 

دوسری جانب درآمدات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ مالی سال کے اختتام پر درآمدات کا مجموعی حجم 58 ارب 38 کروڑ ڈالر رہا، جو حکومتی ہدف 57 ارب 28 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے زائد ہے۔ درآمدات میں سالانہ 6.57 فیصد اضافہ رپورٹ کیا گیا۔

 

اس کے نتیجے میں تجارتی خسارہ بھی ہدف سے بڑھ گیا، جو کہ مقررہ 24 ارب 94 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 26 ارب 27 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔

 

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کی معاشی حکمت عملی کے باوجود مالی سال 2024-25 میں تجارتی توازن بہتر بنانے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی، اور برآمدات کے فروغ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔