چلتی ٹرین سے موبائل چھیننے کی انوکھی واردات، ویڈیو وائرل

news-banner

پاکستان - 04 جولائی 2025

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں چلتی ٹرین کے دروازے میں کھڑے ایک شخص سے موبائل فون چوری ہوتے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نوجوان دروازے میں کھڑا موبائل استعمال کر رہا ہوتا ہے، جب کہ ریلوے ٹریک پر موجود ایک شخص ربڑ کا پائپ اس کے ہاتھ پر مارتا ہے، جس سے موبائل نیچے گرتا ہے اور نیچے کھڑا شخص اُسے اٹھا کر فرار ہو جاتا ہے۔

 

ویڈیو سامنے آتے ہی صارفین کی جانب سے ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا گیا۔ کئی افراد نے اسے حقیقت قرار دے کر خبردار کیا کہ چلتی ٹرین میں دروازے پر کھڑے ہو کر موبائل استعمال کرنا اب خطرے سے خالی نہیں رہا، کیونکہ وارداتیے نت نئے طریقے آزما رہے ہیں۔

 

دوسری جانب بعض صارفین نے اس ویڈیو کو ’پلانٹڈ‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پائپ کی شدت کم دکھائی دی، موبائل گرنے کا انداز غیر فطری تھا اور ویڈیو کو جان بوجھ کر سلو موشن میں دکھایا گیا، جس سے لگتا ہے کہ یہ سب ویوز حاصل کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

 

ایک صارف نے طنزاً لکھا، "لوٹ مار کا کون سا طریقہ ہے جو ہم نے نہ آزمایا ہو"، جب کہ دیگر نے سیلفی لینے والے اور ٹک ٹاکرز کو خبردار کیا کہ ٹرین میں دورانِ سفر محتاط رہیں۔

 

یہ ویڈیو ایسے وقت سامنے آئی ہے جب اس سے قبل بھی چلتی ٹرینوں میں موبائل فون چھیننے کی کئی کوششیں رپورٹ ہو چکی ہیں، جن میں کراچی کے ڈرگ روڈ اور رحمان بابا ایکسپریس جیسے واقعات شامل ہیں۔

 

ویڈیو کی اصلیت پر تاحال کوئی سرکاری مؤقف سامنے نہیں آیا، مگر یہ ضرور واضح ہے کہ چاہے حقیقی ہو یا بنائی گئی، ایسے مناظر نہ صرف خطرناک رجحانات کو فروغ دیتے ہیں بلکہ عوامی اعتماد کو بھی مجروح کرتے ہیں۔