پاکپتن ہسپتال میں بچوں کی ہلاکت: وزیراعلیٰ مریم نواز کا سخت ایکشن، ایم ایس اور سی ای او گرفتار

پاکستان - 04 جولائی 2025
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکپتن کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بچوں کی اموات کے افسوسناک واقعے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کو فوری طور پر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کا تفصیلی دورہ بھی کیا جو چار گھنٹے تک جاری رہا۔
واقعے سے متعلق ابتدائی رپورٹس کے مطابق، 20 بچوں کی ہلاکت کے اسباب میں نجی ہسپتالوں میں علاج میں غفلت اور غیر تربیت یافتہ دائیوں کی ناقص دیکھ بھال شامل ہیں۔ 15 بچے نجی اسپتالوں میں پیدا ہوئے تھے مگر طبیعت بگڑنے پر سرکاری اسپتال منتقل کیے گئے جبکہ 5 بچوں کی موت گھروں میں غیر تربیت یافتہ دائیوں کے ہاتھوں ہوئی۔ افسوسناک امر یہ تھا کہ جب بچوں کو سرکاری اسپتال لایا گیا تو ان کی مائیں بھی ساتھ نہیں تھیں۔
دورے کے دوران مریضوں نے وزیراعلیٰ کے سامنے ادویات کی عدم فراہمی سمیت مختلف شکایات کیں جس پر مریم نواز نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ڈاکٹرز کے لائسنس معطل کرنے اور ہسپتال انتظامیہ کے خلاف انکوائری کے احکامات دے دیے۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر واضح پیغام دیا کہ اب معافی کا وقت ختم ہو چکا ہے، صرف وہی عملہ رہے گا جو کام کرے گا، نالائقی اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس کے علاوہ، ڈی ایچ کیو کی لیبارٹری میں نجی لیبارٹریز سے غیر قانونی طور پر ٹیسٹ کروانے پر بھی سخت نوٹس لیا گیا، جس کے نتیجے میں تین ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا جن میں مرتضیٰ ممتاز اور طفیل شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ کے اس غیر معمولی اقدام کو صحت کے شعبے میں بہتری کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔