بنگلہ دیش کا دورہ، بھارتی کرکٹ ٹیم کا شیڈول غیر معینہ مدت تک ملتوی، سیاسی کشیدگی کا اثر

news-banner

دنیا - 04 جولائی 2025

بھارتی کرکٹ ٹیم کا اگلے ماہ شیڈول دورۂ بنگلہ دیش غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے باعث کیا گیا، اور امکان ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے بی سی سی آئی کو دورہ ملتوی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

 

یہ سیریز 17 سے 31 اگست تک شیڈول تھی، جس میں تین ون ڈے اور تین ٹی20 بین الاقوامی میچز شامل تھے، تاہم اب تک نہ بھارتی کرکٹ بورڈ اور نہ ہی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی طرف سے باضابطہ اعلان سامنے آیا ہے۔

 

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیریز کی تیاریوں کا آغاز کر دیا تھا، جن میں میڈیا رائٹس کی فروخت اور دیگر انتظامات شامل تھے، مگر موجودہ صورتحال کے پیش نظر ان سرگرمیوں کو روک دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، براڈکاسٹرز کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے کہ سیریز تاخیر کا شکار ہو چکی ہے۔

 

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بھارت نے آگاہ کیا ہے کہ اگست میں ان کا آنا ممکن نہیں، تاہم چونکہ یہ سیریز فیوچر ٹورز پروگرام (FTP) کا حصہ ہے، اس لیے بعد میں دوبارہ شیڈول کی جا سکتی ہے۔

 

ادھر بھارتی بورڈ نے اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے، البتہ بی سی سی آئی سے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں حتمی فیصلہ سامنے آنے کا امکان ہے، اور دونوں بورڈز ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کر سکتے ہیں۔

 

یاد رہے کہ فیوچر ٹورز پروگرام کے تحت بنگلہ دیش کو مئی 2027 تک 49 بین الاقوامی میچز کی میزبانی کرنی ہے، جن میں آٹھ ٹیسٹ، بیس ون ڈے اور اکیس ٹی20 میچز شامل ہیں۔ ان میں آئرلینڈ، پاکستان، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف دو، دو ٹیسٹ میچز بھی شیڈول ہیں۔

 

اس وقت بھارت اور بنگلہ دیش دونوں کے کرکٹ شائقین باضابطہ اعلان کے منتظر ہیں، جبکہ سیریز کے انعقاد کے حوالے سے غیریقینی صورتحال برقرار ہے۔