وادی نیلم میں خوفناک حادثہ: کار دریائے نیلم میں جاگری، 6 افراد جاں بحق، بچہ لاپتہ

news-banner

پاکستان - 04 جولائی 2025

آزاد کشمیر کے ضلع وادی نیلم کے علاقے چلہانہ میں جمعہ کی صبح ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جب ایک کار بے قابو ہو کر دریائے نیلم میں جاگری، حادثے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ ایک بچہ تاحال لاپتہ ہے۔

 

پولیس کے مطابق کار میں 7 افراد سوار تھے، جن میں 5 خواتین اور ایک مرد موقع پر جاں بحق ہو گئے، تمام جاں بحق افراد کا تعلق مظفرآباد سے بتایا جا رہا ہے۔ لاپتہ بچے کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

 

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں نے فوری طور پر ریسکیو کارروائیاں شروع کیں، جبکہ مقامی افراد نے بھی امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔

 

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں فضاء سوگوار ہے۔