امریکا اور ایران کے ممکنہ جوہری مذاکرات پر غور، ایران کا سخت مؤقف برقرار

دنیا - 04 جولائی 2025
امریکا ایک بار پھر ایران کے ساتھ جوہری معاملات پر مذاکرات بحال کرنے پر غور کر رہا ہے۔ امریکی خبر رساں ویب سائٹ نے دو باخبر ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے مشرق وسطیٰ کے لیے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف آئندہ ہفتے ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق ملاقات کی حتمی تاریخ تاحال طے نہیں ہو سکی، جبکہ امریکا اور ایران، دونوں نے سرکاری سطح پر اس خبر کی تصدیق سے گریز کیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کر دیا ہے کہ مذاکرات اسی صورت میں ممکن ہیں جب امریکا اپنی دھوکہ دہی پر مبنی پالیسی ترک کرے۔ ایک امریکی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بقائی نے کہا کہ جب تک وائٹ ہاؤس کی نیت صاف نظر نہیں آئے گی، تب تک سفارتکاری ممکن نہیں اور ایٹمی بات چیت کا دوبارہ آغاز نہیں ہو سکتا۔
.
انہوں نے مزید کہا کہ ایران سنجیدہ مذاکرات سے کبھی نہیں گھبرایا، لیکن ماضی کی طرح یکطرفہ دباؤ اور خفیہ ایجنڈے کے ساتھ مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے اور ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی سطح پر خدشات بڑھ رہے ہیں۔