خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا قدم، سیلابی ہنگامی حالات میں ریسکیو کے لیے جدید ڈرون سسٹم متعارف

news-banner

پاکستان - 02 جولائی 2025

خیبرپختونخوا حکومت نے ممکنہ سیلابی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے ریسکیو آپریشنز میں مدد کے لیے جدید ڈرون ٹیکنالوجی حاصل کر لی ہے۔ یہ ڈرونز لائف جیکٹس، رسیاں اور دیگر ریسکیو سامان متاثرہ علاقوں تک فوری طور پر پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

 

پی ڈی ایم اے کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کو عملی مظاہرہ پیش کیا گیا، جس کے دوران ڈرون کی کارکردگی اور ریسکیو اہلیت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس یقینی بنانے کے لیے ریسپانس پلان کا ازسر نو جائزہ لیا گیا ہے، اور اس میں بہتری کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 

شہاب علی شاہ نے بتایا کہ ریسکیو اہلکاروں کی آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام جاری ہیں، جبکہ مقامی کمیونٹیز کو بھی ہنگامی صورتحال میں ابتدائی ردعمل کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے تمام سیاحتی مقامات پر ہوٹلوں کو پابند کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے پاس کشتیوں، لائف جیکٹس اور ریسکیو رسیوں جیسا ضروری سامان رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں فوری مدد ممکن ہو۔

 

چیف سیکرٹری نے بتایا کہ وارننگ سسٹم کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، جس میں "ریلیف پلس" کے نام سے موبائل ایپ اور سوشل میڈیا الرٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک مرکزی ڈیش بورڈ بھی تیار کیا جا رہا ہے تاکہ وارننگ اور ریسپانس کے تمام مراحل کو بہتر انداز میں مانیٹر کیا جا سکے۔

 

یہ اقدامات خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے قدرتی آفات سے بچاؤ اور بروقت ریسپانس کے لیے ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی واضح مثال ہیں۔