وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ: پی آئی اے کی نجکاری مثبت قدم ہے مگر ملازمین کے حوالے سے خدشات موجود ہیں

news-banner

پاکستان - 25 دسمبر 2025

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایک لحاظ سے پی آئی اے کی نجکاری ایک اچھا اقدام ہے، تاہم اس عمل کے حوالے سے کچھ خدشات بھی موجود ہیں، خاص طور پر ملازمین کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔

 

مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین کے حقوق اور روزگار کا تحفظ ناگزیر ہے۔

 

 ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ اسٹیل مل کی زمین سندھ کی ہے اور یہ واپس سندھ ہی کے پاس آئے گی۔

 

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مزار قائد پر حاضری ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، قائداعظم کے اصول برابری، انصاف اور قانون کی بالادستی آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔

 

 انہوں نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد بھی دی۔

 

انہوں نے کہا کہ دنیا نئے سال میں داخل ہو رہی ہے اور ہم 2025 کی کامیابیوں کے ساتھ 2026 کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ 

 

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور صدر، وزیراعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی خدمات کو بھی سراہا۔

 

مراد علی شاہ نے کہا کہ بھارت کو نہ صرف جنگی میدان بلکہ سفارتی اور سیاسی محاذ پر بھی شکست ہوئی، بھارتی غرور اور پروپیگنڈے کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

 

انہوں نے کشمیریوں اور فلسطینی عوام کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ کو متحد ہو کر مظلوم اقوام کے حق میں مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ 

 

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ میں مقامی کوئلے سے بجلی پیدا کی جائے گی اور این ای ڈی یونیورسٹی میں جدید ٹیکنالوجی پارک بھی قائم کیا جا رہا ہے۔