شدید دھند، موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک معطل، موٹروے پولیس کا الرٹ جاری

news-banner

تازہ ترین - 09 جنوری 2026

موٹروے پولیس نے شدید دھند کے باعث مختلف موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

 

 موٹروے ایم ون صوابی سے برہان، ایم ٹو اسلام آباد سے للہ انٹرچینج اور ایم فور شیر شاہ سے شام کوٹ تک بند کر دی گئی ہے۔ 

 

اسی طرح موٹروے ایم فائیو شیر شاہ سے روہڑی اور ایم فورٹین فتح جنگ سے کوٹ بیلیاں تک ٹریفک کے لیے بند ہے۔

 

دوسری جانب قومی شاہراہوں پر بھی دھند کی شدت برقرار ہے، جہاں انڈس ہائی وے پر سیہون سے لاڑکانہ تک مختلف مقامات پر حدِ نگاہ صفر سے 15 میٹر تک رہ گئی ہے، جبکہ سکرنڈ سے میرپور ماتھیلو تک بھی شدید دھند نے ڈرائیونگ کو خطرناک بنا دیا ہے۔

 

موٹروے پولیس کے ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، رفتار کم رکھیں، فوگ لائٹس استعمال کریں اور آگے پیچھے چلنے والی گاڑیوں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔

 

 ترجمان کے مطابق اوورٹیکنگ سے پرہیز اور لین کی پابندی انتہائی ضروری ہے۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔