ثانیہ اشفاق کا الزام، بچوں سمیت گھر خالی کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے

news-banner

کھیل - 12 مارچ 2026

پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا ہے کہ انہیں اپنے بچوں کے ساتھ اس گھر سے نکلنے پر مجبور کیا جا رہا ہے جہاں ان کے بچے پرورش پاتے رہے ہیں۔

 

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ثانیہ اشفاق نے کہا کہ علیحدگی کے بعد انہیں اطلاع دی گئی کہ اس گھر کا معاہدہ ختم کیا جا رہا ہے جس میں وہ اس وقت اپنے بچوں کے ساتھ رہ رہی ہیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ انہیں اور بچوں کو مانچسٹر منتقل ہونے کے لیے کہا جا رہا ہے، جبکہ وہاں ان کا نہ کوئی قریبی رشتہ دار موجود ہے اور نہ ہی کوئی مدد کا نظام۔

 

ثانیہ اشفاق کے مطابق ان کے بچوں کی تعلیم، دوست اور روزمرہ کی زندگی موجودہ شہر سے جڑی ہوئی ہے اور اچانک کسی نئے شہر میں منتقل ہونا بچوں کے لیے ذہنی دباؤ کا سبب بن سکتا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ وہ عام حالات میں اس نوعیت کے ذاتی معاملات کو عوام کے سامنے نہیں لاتیں، تاہم موجودہ صورتحال نے انہیں ایسا کرنے پر مجبور کیا ہے۔

 

ثانیہ اشفاق کا کہنا تھا کہ عوام کو نظر آنے والی تصویر ہمیشہ خاندانوں کو درپیش نجی مسائل کی مکمل عکاسی نہیں کرتی۔ 

 

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ان کی پہلی ترجیح اپنے بچوں کو محفوظ اور مستحکم ماحول فراہم کرنا ہے اور وہ اس مقصد کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔

 

ابھی تک اس معاملے پر عماد وسیم کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔