فیفا ورلڈ کپ 2026: ٹک ٹاک کو پہلی بار ویڈیو مواد کے لیے ترجیحی پلیٹ فارم کا درجہ

news-banner

کھیل - 09 جنوری 2026

فیفا نے فٹبال ورلڈ کپ 2026 کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو ویڈیو مواد کے لیے ’’ترجیحی پلیٹ فارم‘‘ قرار دیا ہے، اور اس اعزاز کے لیے ٹک ٹاک کا انتخاب کیا گیا ہے۔

 

فیفا اور ٹک ٹاک کے درمیان طے پانے والے نئے معاہدے کے تحت ٹک ٹاک کریئیٹرز کو 48 ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ کے دوران خصوصی رسائی حاصل ہوگی۔

 

 یہ میگا ایونٹ 11 جون سے 19 جولائی تک منعقد ہوگا، جس کی مشترکہ میزبانی امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کریں گے۔

 

ورلڈ کپ کے میچز مجموعی طور پر 16 شہروں میں کھیلے جائیں گے، جن میں امریکا کے 11، میکسیکو کے 3 اور کینیڈا کے 2 شہر شامل ہیں۔

 

فیفا کے مطابق جن اداروں کے پاس ورلڈ کپ کے براڈکاسٹ رائٹس ہوں گے، وہ ٹک ٹاک ایپ پر ایک مخصوص ہب کے ذریعے 104 میچز کے منتخب حصے لائیو اسٹریم کر سکیں گے۔

 

 اس کے ساتھ ساتھ مختلف کریئیٹرز کو فیفا کے تاریخی آرکائیول فوٹیج استعمال کرنے اور اس پر نیا تخلیقی مواد تیار کرنے کا موقع بھی دیا جائے گا۔

 

تاہم فیفا نے معاہدے کی مالی تفصیلات، بولی کے عمل یا اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ لائیو اسٹریم میں کون سا مواد دکھایا جائے گا، خصوصاً ایسے ٹورنامنٹ میں جہاں تجارتی شراکت داروں کے حقوق سخت معاہدوں کے تحت محفوظ ہوتے ہیں۔

 

یاد رہے کہ اس سے قبل قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ 2022 میں یوٹیوب کو محدود نوعیت کی شراکت داری حاصل تھی۔

 

 واضح رہے کہ میزبان ملک امریکا میں ٹک ٹاک صارفین کی تعداد 170 ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔