جنوبی افریقہ کے ایئر فورس چیف کی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات، دفاعی تعاون اور فوجی روابط پر تبادلہ خیال

پاکستان - 03 جولائی 2025
جنوبی افریقہ کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمو مبامبو نے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ساحر شمشاد مرزا سے اہم ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی افریقی ایئرچیف کا جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون اور عسکری روابط کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ عالمی و علاقائی جغرافیائی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے مہمان کو خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔
+
لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمو مبامبو نے پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔