دنیا - 29 جنوری 2026
جنگ کی نوعیت بدل گئی، مسلح افواج تیزی سے جدید ٹیکنالوجی اپنا رہی ہیں: فیلڈ مارشل
پاکستان - 29 جنوری 2026
راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جنگ کی نوعیت تبدیل ہو چکی ہے اور پاکستان کی مسلح افواج ایک اہم تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہی ہیں، تیزی سے جدید ٹیکنالوجی اپنا رہی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں مختلف آپریشنل، تربیتی اور انتظامی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی، خاص طور پر ملٹی ڈومین وارفیئر کی تیاریوں پر توجہ دی گئی۔
اس دوران انہوں نے خیرپور ٹامیوالی میں فیلڈ ایکسرسائز "اسٹیڈفاسٹ ریزولو" کا مشاہدہ کیا، جس میں جدید ٹیکنالوجیز جیسے بغیر پائلٹ فضائی نظام (ڈرونز)، جدید نگرانی کے آلات، الیکٹرانک وارفیئر کے وسائل اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کا انضمام دکھایا گیا۔
یہ مشق مسلح افواج کی ٹیکنالوجی پر مبنی ملٹی ڈومین آپریشنز پر توجہ کی عکاسی کرتی ہے۔
فیلڈ مارشل نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کے حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سکیورٹی کے تمام خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے مستقبل کے میدان جنگ اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج مختلف شعبوں میں بڑی تبدیلی سے گزر رہی ہیں، جنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آ چکی ہے اور ٹیکنالوجی میں ترقی اس تبدیلی کو آگے بڑھا رہی ہے، جس کے نتیجے میں تمام سطحوں پر فکری تبدیلی ضروری ہو گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں ٹیکنالوجی پر مبنی حربے جسمانی حربوں کی جگہ لیں گے اور جارحانہ و دفاعی آپریشنز کے طریقے بنیادی طور پر بدل جائیں گے، اسی لیے پاکستان کی مسلح افواج تیزی سے جدید ٹیکنالوجی اپنا رہی ہیں، جس میں جدت، مقامی تیاری اور مطابقت اہم ستون ہوں گے۔
اس سے قبل چیف آف آرمی سٹاف نے روہی ای اسکلز لرننگ ہب (ایس ٹی پی) کا افتتاح کیا تاکہ جنوبی پنجاب اور ملک بھر کے طلبہ کے لیے ڈیجیٹل مہارتوں اور سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں، اور آرمی پبلک اسکول عباسیہ کیمپس کا بھی افتتاح کیا، جو پاک فوج کے معیار تعلیم اور کردار سازی کے عزم کی علامت ہے۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا دورہ کیا، جہاں جدید پلیٹ فارمز کی دیکھ بھال اور برقرار رکھنے کے نظام پر بریفنگ دی گئی۔ بہاولپور گیریژن پہنچنے پر ان کا استقبال کمانڈر بہاولپور کور نے کیا، یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
دیکھیں

