دنیا - 29 جنوری 2026
چین نے میانمار اسکام مافیا کے 11 ارکان کو پھانسی دے دی
دنیا - 29 جنوری 2026
چین نے میانمار میں واقع شمال مشرقی سرحد کے قریب لاوکائنگ شہر میں اسکام سینٹرز اور جوا گھروں کا نیٹ ورک چلانے والے مشہور "منگ خاندان" کے 11 افراد کو پھانسی دے دی ہے۔
زیجیانگ صوبے کی عدالت نے ستمبر 2025 میں انہیں قتل، دھوکہ دہی، غیر قانونی حراست اور جوا گھروں کے قیام جیسے جرائم کے الزام میں موت کی سزا سنائی تھی۔
منگ خاندان کے نیٹ ورک نے 2015 سے 2023 تک 10 ارب یوآن (تقریباً 1.4 ارب ڈالر) کا غیر قانونی منافع حاصل کیا اور اس دوران 14 چینی شہری ہلاک ہوئے۔
ان کا زوال 2023 میں شروع ہوا، جب میانمار کی فوج کے ساتھ تصادم کے دوران نسلی ملیشیاؤں نے لاوکائنگ پر قبضہ کیا اور انہیں چین کے حوالے کیا۔
چین نے ان سزاؤں کو مستقبل کے اسکامروں کے لیے انتباہ کے طور پر استعمال کیا، تاہم اسکام کا کاروبار اب میانمار کی تھائی لینڈ، کمبوڈیا اور لاؤس کی سرحدوں کی طرف منتقل ہو چکا ہے۔
دیگر مافیا خاندانوں جیسے بائی، وی اور لیو بھی موت کی سزا کے لیے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔
منگ خاندان نے لاوکائنگ کو ایک غریب شہر سے جوا گھروں، ریڈ لائٹ ایریاز اور آن لائن فراڈ سینٹرز کا مرکز بنا دیا، جہاں اغوا شدہ کارکنان کو زبردستی اسکام کے لیے کام کرایا جاتا تھا اور سخت تشدد برداشت کرنا پڑتا تھا۔
دیکھیں

