ٹرمپ کے ایران پر حملوں کے بیان پر میسی اور انٹر میامی کے کھلاڑیوں کی تالیاں، سوشل میڈیا پر شدید تنقید

news-banner

کھیل - 06 مارچ 2026

ارجنٹائن کے فٹبال اسٹار لیونل میسی نے اپنی کلب ٹیم انٹر میامی کے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔

 

امریکی صدر نے دسمبر میں امریکا کی بڑی فٹبال لیگ کی چیمپئن شپ پہلی بار جیتنے پر انٹر میامی کو مبارکباد پیش کی۔

 

یہ ملاقات واشنگٹن میں ڈی سی یونائیٹڈ کے خلاف ہونے والے میچ سے پہلے ہوئی۔

 

اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی کا جشن منایا، تاہم اسی دوران انہوں نے ایران میں جاری امریکی اور اسرائیلی حملوں کا ذکر بھی کیا اور تازہ صورتحال کے بارے میں بات کی۔

 

ٹرمپ نے ایران میں ہونے والی بمباری کا حوالہ دیتے ہوئے اس کی تفصیل بیان کی، جس میں حالیہ دنوں میں سینکڑوں بچوں کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

 

اس دوران لیونل میسی اور لوئس سواریز سمیت ٹیم کے چند کھلاڑیوں نے ٹرمپ کی باتوں پر تالیاں بجائیں، جسے کئی افراد نے غیر معمولی اور متنازع ردعمل قرار دیا۔

 

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعدد صارفین نے میسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

 

بعض افراد نے ایران میں جان سے جانے والے معصوم بچوں کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا ایسے واقعات پر تالیاں بجانا مناسب ہے۔

 

کچھ صارفین نے میسی کی اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ تصاویر بھی شیئر کیں اور مختلف الزامات عائد کیے۔

 

تاہم سوشل میڈیا پر کچھ افراد میسی کے حق میں بھی سامنے آئے اور مؤقف اختیار کیا کہ ممکن ہے میسی کو پوری طرح اندازہ نہ ہو کہ امریکی صدر کس معاملے پر بات کر رہے تھے۔