امریکی صدر ٹرمپ کا ’بگ بیوٹی فل بل‘ ایوانِ نمائندگان سے منظور، اختلافات کے باوجود پیش رفت

news-banner

دنیا - 04 جولائی 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا متنازعہ ’بگ بیوٹی فل بل‘ بالآخر ایوانِ نمائندگان سے منظور ہو گیا ہے، اور امکان ہے کہ صدر ٹرمپ آج 4 جولائی کو ایک باقاعدہ تقریب میں اس بل پر دستخط کریں گے۔

 

بل کی منظوری کے راستے میں ریپبلکن پارٹی کے اندرونی اختلافات، سوشل ویلفیئر پروگرامز میں کٹوتیوں اور اخراجات کے معاملے پر شدید اعتراضات حائل رہے، تاہم تمام تر رکاوٹوں کے باوجود اسے منظور کر لیا گیا۔


امریکی سینیٹ میں ووٹنگ کے دوران صورتحال اس حد تک پیچیدہ ہوئی کہ نائب صدر جے ڈی وینس کو فیصلہ کن ووٹ ڈال کر بل کی منظوری یقینی بنانا پڑی۔

 

یہ بل عوامی حلقوں میں شدید تنازع کا باعث بنا رہا، اور حالیہ سروے کے مطابق 55 فیصد امریکی شہری اس بل کے خلاف ہیں۔ سوال یہ ہے کہ آخر اس قانون میں ایسا کیا ہے جس نے امریکی عوام کی اکثریت کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے؟

 

امریکی کانگریشنل بجٹ آفس کے مطابق، یہ قانون اگلی دہائی میں وفاقی خسارے میں 3.3 کھرب ڈالر کا اضافہ کر سکتا ہے اور اس کے نتیجے میں لاکھوں افراد صحت انشورنس سے محروم ہو سکتے ہیں — یہی وہ خدشات ہیں جو اس قانون کی مخالفت کا بنیادی سبب بنے ہیں۔