دنیا - 11 مارچ 2026
حضرت علیؓ کا یومِ شہادت: ملک بھر میں جلوس، سخت حفاظتی انتظامات
دنیا - 11 مارچ 2026
حضرت علیؓ کا یومِ شہادت ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، اس موقع پر مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس نکالے جا رہے ہیں جبکہ سخت حفاظتی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
کراچی میں صدر کے مختلف راستوں اور گلیوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
مرکزی جلوس سے پہلے نشتر پارک میں مجلس عزا منعقد ہوگی، جس کے بعد جلوس حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
راولپنڈی میں یومِ علیؓ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا جبکہ پشاور میں جلوس کوچہ بازار سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ سید عالم شاہ پر ختم ہوا۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کراچی میں جلوس کے راستوں اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا اور غیر معمولی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
لاہور میں یومِ علیؓ کا مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہو چکا ہے جو اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا مغرب کے قریب کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
جلوس کے موقع پر آٹھ ہزار سے زائد افسران اور اہلکار حفاظتی فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ چار درجوں پر مشتمل حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق عزاداروں کو چار مختلف مقامات پر جانچ پڑتال کے بعد جلوس میں داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے اور نگرانی کے لیے کیمروں کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔
دیکھیں

