ملکی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کیلئے تمام اقدامات کا حق رکھتے ہیں: سعودی عرب

news-banner

دنیا - 11 مارچ 2026

ریاض: سعودی عرب نے واضح کیا ہے کہ ملکی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے ہر قسم کے اقدامات کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

 

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے حوالے سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت کابینہ کا ورچوئل اجلاس منعقد ہوا۔

 

اجلاس میں سعودی کابینہ نے کہا کہ سعودی عرب اپنی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات کرنے کا حق رکھتا ہے۔

 

سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ نے سعودی فضائی دفاعی نظام کی اعلیٰ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی نظام نے تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کو کامیابی سے ناکارہ بنایا۔

 

کابینہ نے سعودی عرب، خلیجی اور دیگر عرب ممالک پر ایرانی حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ سویلین اہداف اور تیل کی تنصیبات پر حملے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

 

سعودی کابینہ نے خلیج تعاون کونسل اور یورپی یونین کے مشترکہ وزارتی اجلاس کو قابل قدر قرار دیا اور عرب لیگ کے وزرائے خارجہ اجلاس میں ایرانی جارحیت کے خلاف مذمتی قراردادوں کو سراہا۔