دنیا - 12 مارچ 2026
مشرق وسطیٰ میں جنگ جاری، عراق اور یو اے ای میں آئل ٹینکرز پر حملے، حزب اللہ نے اسرائیلی اڈوں پر حملے کیے
دنیا - 12 مارچ 2026
مشرق وسطیٰ میں جنگ کے تیرہویں روز عراق کی سمندری حدود میں دو آئل ٹینکرز پر حملہ ہوا، جبکہ متحدہ عرب امارات کے قریب کنٹینر جہاز بھی نشانہ بنے۔ عمان کے سلالہ پورٹ پر تیل کے ذخائر میں آگ بھڑک اٹھی اور کویت میں ڈرون حملے سے دو افراد زخمی ہوئے۔ اسرائیل میں حزب اللہ اور اسرائیلی افواج کے درمیان حملوں میں شہری ہلاکتیں بڑھ گئی ہیں۔
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اب تک 634 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں، ہزاروں زخمی ہیں اور آٹھ لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔
امریکا اور اسرائیل کے حملوں سے ایران میں شہادتیں 1300 سے تجاوز کر گئی ہیں اور 12 ہزار سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حزب اللہ نے اسرائیل کے شمالی اور جنوب مشرقی علاقوں میں ڈرون، میزائل اور راکٹ داغ کر متعدد فوجی اور شہری اہداف کو نشانہ بنایا۔
تنظیم نے شمالی اسرائیل میں یاعرا بیرکس، بیت لِد فوجی اڈے، تل ابیب کے قریب گلیلوٹ بیس اور حیفا کے اٹلیٹ بیس پر حملوں کا دعویٰ کیا۔
سعودی وزارت دفاع نے اعلان کیا کہ مشرقی علاقے میں 18 ڈرونز کو روک کر تباہ کیا گیا جبکہ شیبہ آئل فیلڈ کے قریب ایک ڈرون بھی تباہ کر دیا گیا۔
ایران نے عمان میں تیل کی تنصیبات پر حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی اور کہا کہ یہ امریکا اور اسرائیل کی اشتعال انگیزی کا حصہ ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ جنگ ختم کرنے کے لیے ایران کے جائز حقوق تسلیم کیے جائیں اور نقصانات کا معاوضہ ادا کیا جائے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں کامیابی حاصل کر لی ہے اور تیل کی قیمتوں میں کمی کے لیے 40 کروڑ بیرل اسٹاک جاری کیے جائیں گے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں روس کی جنگ بندی کی قرارداد امریکا کے ویٹو کی وجہ سے منظور نہیں ہو سکی، جبکہ ایران کے خلیجی ممالک پر حملوں کے خلاف ایک علیحدہ قرارداد منظور کر لی گئی جس کے حق میں 13 ووٹ آئے، چین اور روس غیر حاضر رہے۔
دیکھیں

