کرکٹ ویب سائٹ ایوارڈز 2025 میں کسی پاکستانی کھلاڑی کو کامیابی نہ مل سکی

news-banner

کھیل - 12 مارچ 2026

ایک معروف کرکٹ ویب سائٹ نے سال 2025 کے بہترین مرد و خواتین کرکٹرز کے ایوارڈز کا اعلان کر دیا ہے، تاہم اس فہرست میں کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کو ایوارڈ نہیں ملا۔

 

ایوارڈ جیتنے والوں میں 8 بھارتی، 3 آسٹریلوی، 2 جنوبی افریقی جبکہ بنگلادیش اور افغانستان کے ایک ایک کھلاڑی شامل ہیں۔

 

2025 میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کی کھلاڑیوں نے خواتین کی تمام کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے ایوارڈز اپنے نام کیے۔

 

ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین بیٹر کا اعزاز جنوبی افریقا کے ایڈن مارکرم نے حاصل کیا جبکہ بہترین ٹیسٹ بولر کا ایوارڈ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک کو دیا گیا۔

 

ون ڈے کرکٹ میں افغانستان کے ابراہیم زدران کو بہترین بیٹر قرار دیا گیا جبکہ بھارت کے ورون چکرورتی نے بہترین بولر کا ایوارڈ حاصل کیا۔ 

 

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں فل سالٹ کو بہترین بیٹر اور کلدیپ یادیو کو بہترین بولر قرار دیا گیا۔

 

ٹی ٹوئنٹی لیگز میں بہترین بیٹنگ کا ایوارڈ میچل اوون کو ملا جبکہ بہترین بولنگ کا اعزاز بنگلادیش کے تسکین احمد نے حاصل کیا۔ 

 

مردوں کے بہترین کپتان کا ایوارڈ جنوبی افریقا کے ٹیمبا باووما کے نام رہا۔

 

خواتین کے ون ڈے فارمیٹ میں جمیمہ روڈریگز نے بہترین بیٹر اور دیپتی شرما نے بہترین بولر کا ایوارڈ جیتا۔ 

 

خواتین کے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سمرتی مندھنا کو بہترین بیٹر جبکہ شری چرانی کو بہترین بولر قرار دیا گیا۔

 

خواتین کی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں ہرمن پریت کور نے بہترین بیٹر اور کرانتی گود نے بہترین بولر کا اعزاز حاصل کیا جبکہ خواتین کی بہترین کپتان کا ایوارڈ بھی ہرمن پریت کور کو دیا گیا۔

 

 ڈیبیو ایوارڈ شری چرانی کے نام رہا۔