ایرانی حکومت کی اہم شخصیات کو ہلاک کرنا میرے لیے اعزاز ہے: صدر ٹرمپ

news-banner

دنیا - 13 مارچ 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی حکومت کے ارکان کی امریکی فوج کے ہاتھوں ہلاکت میرے لیے بڑا اعزاز ہے۔

 

 صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ امریکہ ایران کی دہشت گرد حکومت کو فوجی، معاشی اور دیگر طریقوں سے مکمل طور پر تباہ کر رہا ہے۔

 

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ اور فضائیہ ختم ہو چکی ہے، ان کے میزائل، ڈرون اور دیگر ہتھیار تباہ کیے جا رہے ہیں، اور رہنماؤں کے نشانات زمین سے مٹائے جا چکے ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کے پاس وافر اسلحہ اور جنگی طاقت موجود ہے اور وقت بہت ہے، اور دیکھیں کہ دشمن کے ساتھ آج کیا ہوتا ہے۔

 

دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پہلے آڈیو پیغام میں کہا کہ وہ اپنے شہدا خصوصاً مناب اسکول کے شہدا کا بدلہ لیے بغیر نہیں رہیں گے اور دشمن کو ایرانیوں کے خون کا حساب دینا پڑے گا۔ 

 

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو بند رکھا جائے گا اور خطے میں امریکی اڈے بند نہ کیے گئے تو حملے جاری رہیں گے۔

 

 مجتبیٰ خامنہ ای نے مزید کہا کہ ایرانی فورسز نے دشمن کو حاوی نہیں ہونے دیا اور دشمن جھوٹ کا سہارا لے رہا ہے۔