تازہ ترین - 13 مارچ 2026
دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے بنگلادیش کو جیت کے لیے 275 رنز کا ہدف دے دیا
کھیل - 13 مارچ 2026
ڈھاکا: دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو فتح کے لیے 275 رنز کا ہدف دیا ہے۔
شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلادیش کے کپتان مہدی حسن نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستانی ٹیم 48ویں اوور کی تیسری گیند پر 274 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 75 رنز اسکور کیے جبکہ سلمان آغا نے 64 اور محمد رضوان نے 44 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
صاحبزادہ فرحان نے 31 اور فہیم اشرف نے 14 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی جانب سے رشاد حسین نے 3 جبکہ مہدی حسن میراز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے موقع پر بنگلادیشی کپتان مہدی حسن نے کہا کہ ٹیم گزشتہ میچ کی کامیاب حکمت عملی برقرار رکھنا چاہتی ہے، اسی لیے پہلے بولنگ کا انتخاب کیا گیا اور ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پاکستان ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بلے باز اپنی غلطیوں سے آگاہ ہیں اور اس میچ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے اسپنر ابرار احمد کی جگہ فاسٹ بولر حارث رؤف کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو بنگلادیش کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔
دیکھیں

