فٹبال ورلڈ کپ 2026: ایران کا امریکا میں کھیلنے سے انکار، ٹرمپ کا ردعمل سامنے آ گیا

news-banner

کھیل - 13 مارچ 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کی فٹبال ٹیم کے لیے امریکا میں ہونے والے آئندہ فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت مناسب نہیں ہوگی، تاہم ٹیم کو امریکا آنے کی اجازت دی جائے گی۔

 

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی قومی فٹبال ٹیم کا خیرمقدم کیا جائے گا، لیکن سیکیورٹی خدشات کے باعث ان کی موجودگی کو مناسب نہیں سمجھا جا سکتا۔ 

 

ان کا کہنا تھا کہ خاص طور پر کھلاڑیوں کی اپنی سلامتی کے پیش نظر اس حوالے سے خدشات موجود ہیں۔

 

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب ایرانی حکام امریکا اور اسرائیل کی جانب سے جاری حملوں کے باعث پہلے ہی ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کر چکے ہیں۔ 

 

ایرانی ٹیم نے انسٹاگرام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ کسی ایک ملک نہیں بلکہ عالمی فٹبال ادارہ کرتا ہے۔

 

پیغام میں کہا گیا کہ فٹبال ورلڈ کپ ایک عالمی اور تاریخی ایونٹ ہے جس کی نگرانی فیفا کے پاس ہے۔ 

 

اگر میزبان ملک شریک ٹیموں کو مناسب سیکیورٹی فراہم کرنے سے قاصر ہو تو اس پر سوال اٹھنا چاہیے۔ 

 

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران کی قومی ٹیم کو کوئی بھی ملک ورلڈ کپ سے باہر نہیں کر سکتا۔

 

فٹبال ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 11 جون سے ہوگا جس کی مشترکہ میزبانی امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کریں گے۔ 

 

ایران کے گروپ مرحلے کے میچ مصر، بیلجیئم اور نیوزی لینڈ کے خلاف امریکا میں شیڈول تھے، جن میں سے کچھ مقابلے لاس اینجلس اور سیئٹل میں ہونے تھے۔

 

فیفا کے صدر جیانی انفانتینو نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ٹرمپ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایرانی ٹیم کا امریکا میں خیرمقدم کیا جائے گا۔ 

 

انہوں نے کہا کہ دنیا کو ایسے ایونٹس کی ضرورت ہے جو لوگوں کو قریب لائیں کیونکہ فٹبال دنیا کو متحد کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔

 

اگر ایران ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرتا تو اس صورت میں فیفا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ اس کی جگہ کسی اور ٹیم کو شامل کیا جائے یا گروپ کو تین ٹیموں تک محدود رکھا جائے۔ 

 

قواعد کے مطابق اگر کوئی ٹیم دستبردار ہو جائے تو فیفا متبادل ٹیم شامل کرنے یا مقابلوں کے فارمیٹ میں تبدیلی کا اختیار رکھتا ہے۔