فرحانہ مقصود کا ہمایوں سعید پر غلط بیانی اور مکمل معاوضہ نہ دینے کا الزام

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 13 مارچ 2026

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اداکارہ فرحانہ مقصود نے اداکار اور پروڈیوسر ہمایوں سعید کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ساتھ ناانصافی کی گئی۔

 

ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فرحانہ مقصود نے فلم میں ہوں شاہد آفریدی کی شوٹنگ اور پروموشن کے دوران پیش آنے والے معاملات کا ذکر کیا۔ 

 

انہوں نے کہا کہ فلم کی کاسٹ لسٹ میں ان کا نام شامل نہیں کیا گیا اور شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد انہیں کسی پروموشنل ایونٹ یا پریمیئر میں بھی مدعو نہیں کیا گیا۔

 

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں شروع میں بتایا گیا تھا کہ یہ ایک ٹیلی فلم ہے، لیکن جب وہ شوٹنگ کے لیے سیٹ پر پہنچیں تو معلوم ہوا کہ یہ دراصل ایک فیچر فلم ہے۔ 

 

ان کے مطابق فنکار ہونے کے ناطے انہوں نے اس صورتحال کے باوجود کام جاری رکھا۔

 

فرحانہ مقصود نے کہا کہ انہیں معاوضہ بھی فلم کے بجائے ٹیلی فلم کے حساب سے دیا گیا۔ 

 

انہوں نے اس صورتحال کو اپنے لیے شرمندگی کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فلم میں اہم کردار ادا کیا، مگر نہ تو ان کا نام کاسٹ میں شامل کیا گیا اور نہ ہی انہیں فلم کی تشہیری سرگرمیوں میں شریک کیا گیا۔