بیماری نے ہلا کر رکھ دیا، سرجری کے بعد سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوں، دیپیکا ککڑ

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 03 اپریل 2026

بھارتی ٹیلی ویژن اداکارہ فائزہ ابراہیم المعروف دیپیکا ککڑ نے اپنی صحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس جگر کے کینسر کی سرجری کے بعد انہیں حال ہی میں سسٹ اور خون کے ٹیسٹ کے مسائل نے شدید ذہنی دباؤ میں ڈال دیا ہے۔

 

40 سالہ دیپیکا اور ان کے شوہر اداکار شعیب ابراہیم اپنی روزمرہ زندگی اور ویڈیوز اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کرتے ہیں۔ 

 

دیپیکا نے بتایا کہ بیماری نے انہیں ہلا کر رکھ دیا اور سرجری کے بعد سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔

 

انہوں نے خواتین کی طاقت کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین اپنے جسمانی اور ذہنی مسائل کے باوجود زندگی کو بخوبی سنبھالتی ہیں۔ 

 

دیپیکا نے مزید بتایا کہ جگر کے کینسر کے علاج کے چند ماہ بعد انہیں معدے میں موجود ایک چھوٹے سسٹ کو نکالنے کے لیے اسپتال میں داخل ہونا پڑا، جس نے انہیں اندر سے ہلا کر رکھ دیا۔

 

دیپیکا نے کہا کہ اب ان کی روزمرہ زندگی میں کافی تبدیلیاں آئیں، وہ تھکاوٹ پر آرام کرتی ہیں اور اپنی صحت کو ترجیح دیتی ہیں۔ 

 

انہوں نے کہا کہ مضبوط اور مثبت رہنا ضروری ہے اور اسی سوچ کے ساتھ روزمرہ زندگی گزارنا اور آئندہ علاج کے بارے میں سوچنا ہوگا۔

 

یاد رہے کہ دیپیکا گزشتہ برس سے اسٹیج دو جگر کے کینسر سے نبردآزما ہیں، اور جون 2025 میں ان کا ٹیومر نکالنے کی سرجری ہوئی تھی۔ 

 

وہ یوٹیوب پر اپنی صحت، کیموتھراپی کے تجربات اور جذباتی اتار چڑھاؤ کے بارے میں شیئر کرتی رہتی ہیں۔

 

دیپیکا کو ڈرامہ "سسرال سمر کا" میں سمر بھردواج کے کردار سے شہرت ملی جبکہ وہ ریئلٹی شو "بگ باس" سیزن 12 کی فاتح بھی رہ چکی ہیں۔