"کبھی نہیں سوچا تھا اٹلی کی قومی ٹیم میں کھیلوں گا‘زین نقوی

news-banner

کھیل - 16 جولائی 2025

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء کے لیے کوالیفائی کرنے والی اٹلی کی قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹر زین نقوی نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی یہ خواب نہیں دیکھا تھا کہ وہ ایک دن اٹلی کی نمائندگی کریں گے۔.

 

جیو نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں زین نقوی نے بتایا کہ وہ بارہ یا تیرہ سال کی عمر میں اپنے خاندان کے ہمراہ اٹلی منتقل ہوئے تھے۔ ابتدا میں ٹیپ بال کرکٹ کھیلتے تھے، بعد میں ہارڈ بال کرکٹ کا آغاز کیا۔ دو سال تک اٹلی کی ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد 2021ء میں قومی ٹیم میں منتخب ہوئے۔

 

انہوں نے کہا کہ اٹلی میں کرکٹ گراؤنڈز کی شدید کمی ہے اور صرف چند کلبز کے پاس میدان موجود ہیں، لیکن اب جبکہ اٹلی نے پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، تو اُمید ہے کہ آئی سی سی اس سلسلے میں معاونت کرے گا۔.

 

زین نقوی نے یاد دلایا کہ 2023ء میں آئرلینڈ کے خلاف شکست نہ ہوتی تو تب بھی ورلڈ کپ میں جگہ بن سکتی تھی، لیکن اس تجربے نے ہمیں سکھایا کہ ہم عالمی مقابلوں کے لیے تیار ہو سکتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائرز میں بھرپور تیاری کے ساتھ شریک ہوئے، اور خوشی کی بات ہے کہ اب اٹلی میں لوگ کرکٹرز کو جاننے لگے ہیں اور کرکٹ کو مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔

 

زین نقوی کا کہنا تھا کہ انہیں جارحانہ بیٹنگ کا انداز پسند ہے اور انگلینڈ کے سابق کپتان جوس بٹلر ان کے پسندیدہ بیٹر ہیں۔ وہ امید کرتے ہیں کہ ورلڈکپ میں شرکت کے بعد اٹلی کو زیادہ انٹرنیشنل میچز ملیں گے۔

 

آخر میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی ذاتی خواہش ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کھیلیں، خاص طور پر ممبئی جیسے بڑے گراؤنڈ میں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں پی ایس ایل اور آئی پی ایل کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔