بنگلا دیش نے اے سی سی اجلاس کی ڈھاکا سے منتقلی کی بھارتی کوششیں مسترد کر دیں

news-banner

دنیا - 16 جولائی 2025

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھارتی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی سالانہ جنرل میٹنگ طے شدہ شیڈول کے مطابق 24 جولائی کو ڈھاکا میں ہی منعقد ہوگی۔

 

بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے اجلاس کے مقام کی تبدیلی سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس کی تمام تیاریاں مکمل ہیں اور تقریباً تمام رکن ممالک کی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم نے اس سطح کا اجلاس پہلے کبھی منعقد نہیں کیا، یہ بنگلا دیش کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔

 

ذرائع کے مطابق بھارت کی اجلاس میں شرکت غیر یقینی ہے اور سیاسی کشیدگی کی بنیاد پر بھارت نے اجلاس کو دبئی منتقل کرنے کی تجویز دی تھی، جسے سری لنکا کی حمایت بھی حاصل تھی۔ تاہم بی سی بی نے واضح کیا کہ اجلاس ڈھاکا میں ہی ہوگا۔

 

امین الاسلام نے کہا کہ اگر بھارت کا کوئی نمائندہ ذاتی طور پر اجلاس میں شریک نہیں ہو سکتا تو انہیں آن لائن شرکت کی سہولت دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے 23 جولائی کو رسمی عشائیے اور 24 جولائی کو جنرل میٹنگ کے انعقاد کی تصدیق کی۔

 

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر اے سی سی اجلاس بنگلا دیش سے منتقل نہ ہوا تو بھارت ایشیا کپ سے دستبردار ہو کر ستمبر میں ایک تین ملکی سیریز کی میزبانی کر سکتا ہے۔