خان یونس میں امدادی مرکز کے باہر بھوک سے مجبور فلسطینیوں پر شیلنگ، 20 شہید

دنیا - 16 جولائی 2025
غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں امریکی حمایت یافتہ امدادی مرکز کے باہر امداد کے منتظر بھوکے فلسطینیوں پر مرچوں کا اسپرے اور شیلنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 20 افراد شہید ہو گئے۔
جی ایچ ایف نامی امدادی تنظیم کے مطابق، جاں بحق ہونے والوں میں سے 19 افراد بھگدڑ میں کچلے گئے جبکہ ایک شخص چاقو کے وار سے جاں بحق ہوا۔ تنظیم نے حماس پر الزام عائد کیا ہے کہ مسلح افراد نے ہجوم کو اشتعال دلا کر صورتحال کو مزید بدتر بنایا۔
ادھر اسرائیلی حکام نے غزہ کے فلسطینیوں کی سمندر تک رسائی پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ فلسطینی شہریوں نے اس فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندر ان کا آخری سہارا تھا، جسے بھی چھین لیا گیا، اور اب ان کے پاس بھوک سے مرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔
غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے۔ آج صبح کے حملوں میں مزید 20 فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ گزشتہ روز 61 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔