چینی کمپنی کا منفرد اقدام: سالانہ بونس اب فٹنس سے مشروط

دنیا - 16 جولائی 2025
چین کی ایک نجی کمپنی نے ملازمین کی صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے کے لیے سالانہ بونس کی پالیسی میں انوکھا اضافہ کر دیا ہے۔ اب بونس صرف محنت پر نہیں بلکہ جسمانی فٹنس، خاص طور پر دوڑنے کی کارکردگی پر بھی دیا جائے گا۔
گوانگ دونگ دونگپو پیپر کمپنی کے مطابق نئی پالیسی کے تحت ملازمین کو سالانہ بونس اس شرط پر دیا جائے گا کہ وہ باقاعدگی سے دوڑ لگائیں اور مقررہ فاصلہ مکمل کریں۔
چیئرمین کے اعلان کے مطابق جو ملازم ہر ماہ 100 کلومیٹر (تقریباً 62 میل) دوڑنے کا ہدف حاصل کرے گا، اُسے سال کے اختتام پر تنخواہ کا 130 فیصد بطور بونس دیا جائے گا۔ جبکہ 50 کلومیٹر (تقریباً 31 میل) مکمل کرنے والے ملازمین کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ بطور بونس دی جائے گی۔
چیئرمین نے وضاحت کی کہ اس پالیسی کا مقصد صرف انعام دینا نہیں بلکہ ملازمین کی جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بنانا ہے تاکہ وہ زیادہ پُرجوش اور کارآمد ثابت ہوں۔
یہ انوکھا فیصلہ سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن چکا ہے، جہاں صارفین اسے دلچسپ، مثبت مگر چیلنجنگ قدم قرار دے رہے ہیں۔