برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد طویل پابندیاں ختم کر دیں، ایئر سیفٹی لسٹ سے نام خارج

کاروبار - 16 جولائی 2025
برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد طویل المدتی پابندیاں ختم کرتے ہوئے پاکستان کا نام ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا ہے، جس کے بعد پاکستانی ایئر لائنز اب برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت کی باضابطہ درخواست دے سکتی ہیں۔
برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایئر سیفٹی لسٹ سے پاکستان کا اخراج ایک آزاد اور تکنیکی عمل کے ذریعے عمل میں آیا۔ برطانیہ کے مطابق اب پاکستانی ایئر لائنز برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی (UK CAA) سے پروازوں کے لیے اجازت حاصل کر سکیں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان برطانیہ کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور فضائی رابطوں کی بحالی دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گی۔
پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان اور برطانوی ماہرین کے درمیان قریبی تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا:"میں ذاتی طور پر پاکستانی ایئر لائن سے سفر کی منتظر ہوں۔ فضائی رابطوں کی بحالی سے خاندانوں کو قریب آنے میں مدد ملے گی۔"