پنجاب میں طوفانی بارشوں کا قہر، چھتیں گرنے اور حادثات میں 17 افراد جاں بحق

news-banner

پاکستان - 16 جولائی 2025

پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والی طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، متعدد مقامات پر چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں کم از کم 17 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

 

لاہور میں موسلادھار بارش کے دوران چھتیں گرنے کے تین الگ واقعات پیش آئے، جن میں 9 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ سب سے افسوسناک واقعہ ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک ہی خاندان کے 5 افراد، جن میں 2 خواتین، 2 بچیاں اور ایک مرد شامل تھا، جان کی بازی ہار گئے۔

 

فیصل آباد میں بھی ایک چھت گرنے کے واقعے میں ماں بیٹی سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ پاکپتن میں بارش سے پیش آنے والے مختلف حادثات میں ایک خاتون اور دو بچے جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوئے۔

 

شیخوپورہ اور شاہ کوٹ میں بھی چھتیں گرنے کے واقعات سامنے آئے، جہاں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

 

پنجاب کے دیگر شہروں جیسے راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، سرگودھا اور فیصل آباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ عارف والا میں مسلسل بارش کے باعث گلیاں اور سڑکیں پانی میں ڈوب چکی ہیں، جبکہ سرگودھا میں کئی فیڈرز ٹرپ کر گئے۔

لاہور میں رات گئے ہونے والی شدید بارش میں پانی والا تالاب کے مقام پر 171 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو شہر میں سب سے زیادہ تھی۔