لاہور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ، سلمان شہباز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا سیشن کورٹ کا حکم معطل

news-banner

پاکستان - 16 جولائی 2025

لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے سیشن کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا ہے۔

 

چیف جسٹس کی ہدایت پر جسٹس عالیہ نیلم نے کیس کی سماعت کی اور فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 31 جولائی تک جواب طلب کر لیا۔

 

سلمان شہباز کی جانب سے ایڈووکیٹ جاوید ارشد بھٹی عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سیشن کورٹ نے 10 جولائی کو قانون کے تقاضے پورے کیے بغیر اور حقائق کا جائزہ لیے بغیر چیک ڈس آنر کے کیس میں مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔

 

درخواست گزار نے استدعا کی کہ سیشن کورٹ کا حکم کالعدم قرار دیا جائے اور حتمی فیصلے تک مقدمہ درج کرنے کے عمل کو روک دیا جائے۔

 

عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد سیشن کورٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 31 جولائی تک ملتوی کر دی۔