وزیراعظم شہباز شریف کا سیف سٹی کا دورہ، "پولیس اسٹیشن آن وہیلز" منصوبے کا افتتاح

news-banner

پاکستان - 22 جولائی 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں سیف سٹی، کیپیٹل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جدید سہولیات سے آراستہ "پولیس اسٹیشن آن وہیلز" منصوبے کا افتتاح کیا۔

 

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ موبائل پولیس اسٹیشن عوام، بالخصوص 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس، ایف آئی آر کے اندراج اور دیگر سہولیات فراہم کرے گا۔

 

وزیراعظم کو سیف سٹی کی جانب سے اعزازی طور پر پہلا موبائل ڈرائیونگ لائسنس پیش کیا گیا اور پولیس اسٹیشن آن وہیلز کے ذریعے درج کی گئی پہلی ایف آئی آر بھی دکھائی گئی۔

 

وزیراعظم نے پولیس آپریشن سینٹر، آن لائن ویمن پولیس اسٹیشن، ٹیکسی ویریفیکیشن سسٹم اور جدید "ہنچ لیب" کا بھی معائنہ کیا۔ بریفنگ میں انہیں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں سیف سٹی سسٹم کے تحت 3257 کیمرے نصب ہیں، جو مختلف اہم تقریبات، محرم الحرام، اور قدرتی آفات کے دوران سکیورٹی کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

 

آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ نگرانی کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) اور فیشل ریکگنیشن جیسی جدید ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جارہی ہے۔

 

وزیراعظم نے سیف سٹی میں کام کرنے والے باصلاحیت نوجوانوں میں خصوصی مقدمات پر خدمات کے اعتراف میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے اور اہلکاروں سے ملاقات کرکے ان کے کام کو سراہا۔